کشمیری خواتین کی قربانیاں بے مثال صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود بھارتی فوج کیخلاف برسرپیکار ہیں: مشعال ملک
راولپنڈی(این این آئی) پیس اینڈکلچرکی چیئرپرسن وحریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ اسلام عورت کے حقوق کا علمبردار ہے اور مقبوضہ کشمیر میں ہماری مائوں، بہنوں نے جو قربانیاں دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ یہ بات انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار ’خواتین اور معاشرہ‘ کے عنوان سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ عورتیں مردوں کے شانہ بشانہ ملک ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب خواتین اپنے سیاسی، سماجی، معاشرتی اور مذہبی حقوق کی بات کرتی ہیں۔ آج ان خواتین کی کاوشوں کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر میں خواتین ہرطرح کی صعوبتیں برداشت کررہی ہیں اور پھر بھی بھارتی افواج کے خلاف جدوجہد میں شریک ہیں۔ وہ دنیا کی بہادر ترین خواتین ہیں۔