عابد باکسر کراچی آگیا تو ادارے لاعلم کیوں ہیں: ہائیکورٹ برہم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے عابد باکسر کو ممکنہ پولیس مقابلہ میں مارنے سے روکنے کی درخواست پر ڈپٹی ڈائریکٹر لاء کو تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عابد باکسر جب کراچی میں ڈی پورٹ ہوکر آچکا ہے۔پھر متعلقہ ادارے لاعلم کیوں ہیں۔ عدالت نے عابد باکسر کے سسر کی درخواست پر سماعت کی. درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ خدشہ ہے کہ عابد باکسر کو جعلی پولیس مقابلہ کر کے ہلاک کر دیا جائے گا۔پولیس، ایف آئی اے کے بعد آج ڈپٹی ڈائریکٹر لاء نے بھی عابد باکسر کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کر دیا اور عدالت کو بتایا کہ عابد باکسر ہماری تحویل میں نہیں ہے۔ عدالت نے مزید کارروائی 16 مارچ تک کے لئے موخر کردی۔