تربت: گیس سلنڈر پھٹنے سے 6 دکانوں میں آتشزدگی، پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیموں نے جھلسنے والے 6 افراد کو بچا لیا
لاہور (خبر نگار) پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیموں نے تربت کے ایک مصروف بازار کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے لگنے والی آگ کے دوران بری طرح جھلس جانے والے 6افراد کی جان بچالی۔ شدید نوعیت کی اس آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے ملحقہ دکانوں اور وہاں موجود گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے دوران موقع پر موجود 6افراد شدید زخمی ہوگئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ مقامی حکومت نے پاکستان نیوی یونٹ پی این ایس صدیق سے مدد کی درخواست کی۔ مدد کے لیے درخواست موصول ہوتے ہی پاک بحریہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے فائر ٹینڈرز اور ریسکیو/میڈیکل ٹیموں کو آگ بجھانے اور زخمیوں کو حادثے کے مقام سے نکال کر محفوظ جگہ منتقل کرکے شدید نوعیت کی اس آگ کو بجھادیا جبکہ میڈیکل ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد مہیا کی۔ شدید جھلس جانے والے 6افراد کو تربت برن سنٹر نہ ہونے کے باعث خصوصی علاج معالجے کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا۔