رواں سال حج تربیتی پروگراموں کے تین ادوار ہوں گے
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔وقائع نگار خصوصی)حج 2018ء کے لئے گورنمنٹ سکیم کے تحت 50فیصد کے حساب سے قرعہ اندازی کے بعد پورے ملک کے سات حاجی کیمپوں میں حج ٹریننگ شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کے بعد مختلف شہروں میں عازمین کی مناسک حج و عمرہ پر تربیت شروع ہو جائے گی۔ سیکرٹری مذہبی اُمور کی ہدایات کے مطابق امسال تربیتی پروگراموں کے تین ادوار ہوں گے تاکہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ مناسک سے آگاہی ہو سکے۔ جو خوش نصیب عازمین قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پائے ہیں اُن کو بذریعہ ڈاک اطلاع دی جائے گی جس پر تربیتی مقام اور تاریخ درج ہو گی۔ یاد رہے کہ حج پالیسی کے مطابق گورنمنٹ سکیم کی تعداد 67فیصد اور پرائیویٹ کی تعداد 33فیصد مقرر کر گئی تھی مگر حج ٹورز آپریٹرز نے اس تقسیم کے خلاف معزز عدالتوں سے رجوع کر لیا تھا۔ رفیقِ حجاج کمیٹی پاکستان کے صدربابو عمران قریشی نے وزارتِ مذہبی اُمور سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد عدالت سے فیصلہ لینے کی کوشش کریں تاکہ ان درخواست دہندگان کوذہنی کرب سے نجات مل سکے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وزارت کو چاہئیے تھا کہ تھوڑا صبر کر لیتی اور عدالت سے فیصلہ آنے کا بعد قرعہ اندازی کی جاتی ۔ اب جو عازمین قرعہ اندازی میں کامیاب ہو گئے ہیں اُن کی تربیت تو شروع ہو جائے گی مگر عدالت سے فیصلہ آنے کے بعد اگر باقی ماندہ عازمین کی قرعہ اندازی کی جاتی ہے تو اُن عازمین کی تربیت کا کیا بنے گا۔