پڑھی لکھی خواتین ترقی یافتہ قوم کی ضامن ہیں، ڈاکٹر ارشد علی
اسلام آباد(نا مہ نگا) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی نے کہا ہے کہ خواتین کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،کیوںکہ پڑھی لکھی خواتین ترقی یافتہ قوم کی ضامن ہیں، قوموں کی ترقی میں خواتین کا کلیدی کردار رہا ہے۔خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ہائر ایجوکیشن اور یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجنسی فار ڈویلپمنٹ (یوایس ایڈ) کے باہمی اشتراک سے گذشتہ روز کمیشن سیکرٹریٹ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں یو ایس ایڈ نیڈ بیسڈ اسکالرشپ کے تحت تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کی کامیابیوں کا اعتراف کیا گیا ۔ اس موقع پریو ایس ایڈ پاکستان مشن ڈائریکٹر ہیلن ایم پتاکی اعزازی مہمان تھیں، ڈاکٹر ثمینہ قادر ، وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی، یو ایسایڈ نیڈ بیسڈ اسکالرشپ وصول کرنے والی طالبات اور دیگر جامعات کے طلباء کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی ۔ ڈاکٹر صائمہ کثوم، اسسٹنٹ پروفیسر ، ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام، نادیہ بیگ، اسسٹنٹ ڈویلپمنٹ منیجر شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اپنے کامیاب علمی اور عملی سفر کے بارے میں بتایا اس کے علاوہ مونیکا اندرانی اور شانزے افضل کی کامیاب تعلیمی زندگی کے بارے میں ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی ۔