تعلقات کی بحالی پاکستان‘ امریکہ دونوں کیلئے ضروری‘ نتیجہ خیز مذاکرات ہونے چاہئیں: تہمینہ جنجوعہ
واشنگٹن(آئی این پی+ آن لائن) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان امریکہ تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلقات امریکہ کے لیے بھی اتنے ہی ضروری ہیں جتنے پاکستان کے لیے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان نتیجہ خیز مذکرات ضروری ہیں۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ 70سال کے دوران جو بات چیت ہوئی اور جو کام ہوا اسے بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ضروری ہے پاکستان اور امریکہ کے درمیان نتیجہ خیز مذکرات ہوں۔ انہوں نے کہا ہمیں ایک دوسرے کے تحفظات پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات طویل المدتی ہیں اور ہمیں امریکہ کے ساتھ بات چیت میں تمام ایشوز پر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا امریکہ بھی پاکستان کیساتھ بات چیت جاری رکھنا چاہتا ہے، تعلقات امریکہ کے لیے بھی اتنے ہی ضروری ہیں جتنے ہمارے لئے۔ تہمینہ جنجوعہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیاب شراکت دار ہیں اور دونوں ملکوں نے مشترکہ کوششوں سے القاعدہ کا خاتمہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے افغانستان کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ ہم نے افغانستان کو 5 ورکنگ گروپس کی تجویز دی ہے، یہ ورکنگ گروپ آپریشنل ہو جائیں تو تمام ایشوز پر مستقل بات چیت ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا ورکنگ گروپس تشکیل دیئے تو اس سے بات چیت کا اسٹرکچر بن جائے گا اور ملٹری اور انٹیلی جنس سمیت مختلف شعبوں کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ پاکستان اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا سی پیک ون بیلٹ ون روڈ انیشیٹیو کا حصہ ہے جو کہ خطے کی ترقی کیلئے ناگزیرہے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں علاقائی اتحاد پاکستان کا حکمت عملی کا اہم جزو ہے۔