دبئی: قتل کا الزام،مخیرحضرات نے دیت کی رقم ادا کرکے پاکستانی قیدی کو رہائی دلا دی
دبئی( آن لائن ) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں نامعلوم مخیر حضرات نے دیت کی مد میں ایک لاکھ درہم ادا کرکے پاکستانی شخص کو جیل سے رہائی دلا دی۔اماراتی میڈیا کے مطابق 7 ماہ قبل متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ میں حاجی نامی شخص کو پولیس نے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پاکستانی شخص جرمانہ اور دیت کی رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا تھا تاہم اخبار میں خبر شائع ہونے پر کچھ مخیرحضرات نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 لاکھ درہم دیت اور 4 ہزار جرمانے کی رقم ادا کرکے ملزم کو قید سے رہائی دلا دی۔