چیئرمین سینیٹ: گورنر سندھ کی رابطہ کمیٹی سے آج ملاقات، ایم کیو ایم، ن لیگ اتحاد متوقع
کراچی( راشد نور+خصوصی رپورٹر) چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کی سینیٹ کے لئے ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن میں اتحاد کی نئی صورتحال بننے کی توقع ہے آج جمعہ کو گورنر سندھ کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطحی وفد سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کے حوالے سے ایم کیو ایم بہادر آباد جائے گا جس میں مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان سمیت دوسرے عہدیداران بھی شامل ہیں ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں بیرسٹر فروغ نسیم کو سینیٹ کا چیئرمین بنانے کی آفر کی گئی تھی۔ لیکن بعد ازاں صورتحال مختلف ہوئی تاہم بیرسٹر فروغ نسیم اس مرتبہ خاصے فعال ہیں۔ رابطہ کمیٹی بہادر آباد کے معاملات میں فروغ نسیم کا کردار اہم نظر آتا ہے۔ اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ (ن) ایم کیو ایم کے مذاکرات میں ایک بار پھر سامنے آگئے ہیں۔ اس سلسلے میں کوئی نہ کوئی اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔ دریں اثناء باخبر ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کا وفد سینیٹ میں اپنا چیئرمین بنانے کے سلسلے میں حمایت حاصل کرنے کے لئے فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر پگارا سے بھی آج کنگری ہائوس میںملاقات کرنے جائے گا وفد کی قیادت ڈپٹی کنوینر عامر خان کریںگے۔ جب کہ رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی وفدمیں شامل ہوں گے۔ اس سلسلے میں فنکشنل مسلم لیگ سے بھی حمایت کے سلسلے میں ایک نئی صورتحال بن سکتی ہے جو ایم کیو ایم کے لئے مثبت ثابت ہوگی۔
ایم کیو ایم/ ن لیگ اتحاد