خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں‘ وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کا انتہائی اہم حصہ ہیں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سے ملک و قوم کا نام روشن کر رہی ہیں اور میں اپنی محنت کش‘ باہمت اور لگن کے ساتھ کام کرنے والی خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں عالمی یوم خواتین کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں یہ بات انہوں نے گزدر آباد میٹرنٹی اسپتال کے دورے کے موقع پر موجود خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ میئر کراچی نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کا مقصد ہمیں یہ آگاہی فراہم کرنا ہے کہ ہم خواتین کا نہ صرف احترام کریں بلکہ انہیں یہ مواقع فراہم کریں کہ وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی سے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور آبادی کے اتنے بڑے حصے کو ہم معاشرے سے الگ تھلگ نہیں رکھ سکتے ہم زندہ قوم ہیں اور قوموں کی عزت مائوں‘ بہنوں اور بیٹیوںسے ہی قائم و دائم ہوتی ہے۔