سیاسی بحران کے باوجود سندھ سے 110 اور kpk سے 2 نشتیں حاصل کرلیں
آصف علی زرداری سیاست کے بادشاہ ہیں،انشاء اللہ چیئر مین سینٹ پیپلز پارٹی سے ہی ہو گا،پہلے کی طرح پیپلز پارٹی آج بھی پاکستان کی عظیم اور مقبول پارٹی ہے
پاکستان پیپلز پارٹی کل بھی ملک کی عظیم ترین و مقبول ترین پارٹی تھی آج بھی مقبول ترین ہے۔ پی پی پی کا ووٹ بنک اور عوام الناس کے دلوں میں محبت آج بھی سب سے زیادہ ہے۔آصف علی زرداری سیاست کے بادشاہ اور زیرک سیاستدان ہیں جن کی سیاسی بصیرت کو زمانہ سلام کرتا ہے۔آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی بصیرت کا ثبوت دیتے ہوئے جس طرح سندھ سے دس اورKPKسے سینٹ کی دو نشستیں حاصل کی ہیں یہ پیپلز پارٹی کی عظیم کامیابی ہے۔انشاء اللہ آنے والے چند دنوں میں بلوچستان اور فاٹا سے اس قدر نشستیں مل جائیں گی کہ اس بار سینٹ کا چیئر مین پیپلز پارٹی سے ہی ہو گا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی گلف ریجن کے سابق صدر میاں منیر ہانس اور پی پی پی کی طرف سے حلقہ 130کے ٹکٹ ہولڈر رانا محمد اشرف نے دوبئی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی پی پی امارات کے لیڈران شفیق صدیقی، نثار خٹک ، عمردراز، فضل درانی، چودھری راشد علی بریار، ذوالفقار مغل، محمد اسلم ملک، رضوان عبداللہ ، عرفان گوندل ، مظفر باجوہ، فاروق چیچا و دیگر موجود تھے۔ سیالکو ٹ کے حلقہ130کے ٹکٹ ہولڈر رانا محمد اشرف کے اعزاز میں اس تقریب کا اہتمام میاں منیر ہانس نے کیا تھا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے میاں منیر ہانس اور رانا محمد اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر یہ الزام غلط ہے کہ پیسے دے کر سینٹ کی سیٹیں حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی بصیرت کا ثبوت دیتے ہوئے گفت و شنید کے ذریعے قائل کر کے سینٹ کی حالیہ سیٹیں نکالیں ہیں جبکہ مزید کے لئے سیاسی اثر و رسوخ جاری ہے۔ مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی پرانی سیاسی جماعت ہے جس نے بہت سے سیاسی اتار چڑھائو دیکھے ہیں اور زمانے کی سختیاں برداشت کی ہیں۔ پی پی پی کے کارکن اور لیڈران لالچی نہیں بلکہ نظریاتی ہیں لہٰذا سینٹ کے تمام نئے ارکان محض پارٹی اور پاکستان کی سر بلندی کے لئے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں جبکہ حالیہ کامیابی پر ہم جناب آصف علی زرداری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔