نئے صوبے کا بل موجودہ اسمبلی سے منظور کرانے کا وقت نہیں بچا: فخر امام
لاہور (خبرنگار) قومی اسمبلی کے سابق سپیکر سید فخر امام نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا بل قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی سے منظور کرانے کیلئے اب بالکل وقت نہیں رہا۔ یہ بیحد اہم بل تھا۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس بل کو بغیر بحث کے رولز معطل کرکے منظوری کیلئے پیش کرنا مناسب نہیں ہو گا۔ اس کیلئے بہتر یہی ہے کہ ایسے اہم بل پر پہلے بحث کرائی جائے۔ اگر دوتہائی اکثریت مل جائے تو بل کو صوبائی اسمبلی سے منظوری کیلئے بھجوایا جائے۔ یہ سارا عمل 5دنوں کے اندر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آزادی کے بعد پہلی مرتبہ کوئی صوبہ بننے جا رہا ہے۔ آزادی پر ہمیں چار صوبے ”بنے بنائے“ ملے تھے۔ جن کا ”ون یونٹ“ بنا دیا گیا ہے۔ جنرل یحییٰ خان نے ایل ایف او کے تحت ون یونٹ سے دوبارہ 4صوبے بنا دئیے۔ لہٰذا اب آزادی کے بعد پہلی مرتبہ کسی صوبے کا اضافہ ہونا ہے اور یہ معاملہ اتنا اہم ہے کہ اسمبلی میں اس پر بحث ہونا لازم ہے۔