جنوبی پنجاب میں میدان مارنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے بااثر خاندانوں سے کامیاب مذاکرات
ملتان+ ڈیرہ غازیخان (فرحان انجم ملغانی+اشرف بزدار ) پاکستان پیپلزپارٹی کے بہاولپور جنوبی پنجاب صوبہ قیام کے انتخابی نعرے کے برعکس پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب میں میدان مارنے کیلئے خطہ میں سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کامیاب مذاکرات کے بعد صرف باقاعدہ اعلان کی محتاج رہ گئی ہے جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازیخان راجن پور اور ملتان میں انتخابی کامیابی کی ضمانت تصور کئے جانیوالے لغاری‘ مزاری‘ دریشک‘ بوسن اور تونسہ کے خواجہ خاندانوں کی نمایاں شخصیت کے مسلم لیگ ن میں شمولیت کیلئے مسلم لیگ ن کی قیادت سے مذاکرات انتہائی مثبت طور پر کافی حد تک کامیاب ہو چکے ہیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے اہم رہنما چودھری نثار ان رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ابتدائی رابطوں میں مثبت پیشرفت کے بعد اب لغاری مزاری اور دریشک خاندانوں کے فائنل را¶نڈ کے مذاکرات مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف اور میاں شہباز شریف کے ساتھ لاہور میں جاری ہیں ذرائع کے مطابق لغاری قبیلہ کے سربراہ سردار جمال خان لغاری سردار اویس احمد خان لغاری سمیت پورے لغاری گروپ نے مذاکرات کے آغاز میں مائنس ذوالفقار علی کھوسہ فارمولہ پر مسلم لیگ ن میں شمولیت کی شرط بھی عائد کی تھی جس پر مسلم لیگ ن کی قیادت نے سردار ذوالفقار کھوسہ کی موجودہ سیاسی حیثیت ختم کرنے سے معذرت کرلی تھی اسی طرح این اے 172 سے انتخابات میں حصہ لینے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم کو بھی مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے اعتماد میں لے لیا ہے اور حافظ عبدالکریم نے بھی پارٹی کے وسیع تر مفاد میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے لغاری گروپ کی مسلم لیگ ن میں متوقع شمولیت کے پیش نظر سردار ذوالفقار کھوسہ نے ڈی جی خان میں اپنا پلہ بھاری رکھنے کیلئے تحصیل تونسہ کے خواجگان سے رابطے بڑھا دیئے ہیں اور (ق) لیگ کے رکن قومی اسمبلی و وزیر مملکت خواجہ شیراز محمود کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کرانے کیلئے کوشش شروع کر رکھی ہیں جبکہ راجن پور میں سابق نگران وزیر اعظم بلخ شیر مزاری اور سردار نصراﷲ دریشک سے بھی مسلم لیگ ن کی قیادت کے رابطے جاری ہیں۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈی جی خان راجن پور ‘ ملتان اور لودھراں کے بڑے سیاسی خاندانوں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے متوقع سیٹ اپ کی صورت میں اس خطہ میں پیپلزپارٹی اور (ق) لیگ کی پوزیشن کمزور ہو جائیگی اور تحریک انصاف کی پہلے سے ڈگمگاتی پوزیشن کو بھی شدید دھچکا لگے گا۔ ڈیرہ غازیخان سے اشرف بزدار کے مطابق لغاری خاندان نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کےلئے مشاورت مکمل کرلی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر بھی لغاری فیملی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کی تصدیق کردی۔ مسلم لیگ ن میں لغاری خاندان کے جن افراد کی شمولیت متوقع ہے ان میں سردار جمال خان لغاری، سردار اویس احمد خان لغاری، سردار جعفر خان لغاری، بیگم جعفر لغاری ، سردار محسن خان ل©غاری، سردار محمد یوسف خان لغاری، سردار جاوید اختر لُنڈ، محمود قادر خان لغاری اور عبدالعلیم شاہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈیرہ غازیخان، راجن پورکے بااثرلغاری خاندان کی مسلم لیگ ن میں شرکت متوقع، لغاری خاندان کا مشاورتی اجلاس لاہورمیں ہوا۔ سردار جمال خان لغاری، سردار اویس احمد خان لغاری، سردار جعفر خان لغاری، سردار محسن خان لغاری، سردار یوسف خان لغاری ،جبکہ صوبہ سندھ میں تحریک انصاف کے صوبائی رہنما سردار نادر خان لغاری کی جانب سے آئندہ دوسے تین روز میں اعلان متوقع ہے۔