ہربنس پورہ اور مانگا منڈی میں ٹریفک حادثات ‘ خاتون جاں بحق ‘2 نوجوان زخمی
لاہور (نامہ نگار) مانگا منڈی کے علاقہ میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار خاتون اور اس کے بھتیجے کو کچل ڈالا۔ جس کے باعث 40سالہ عورت ہلاک جبکہ بھتیجا شدید زخمی ہو گیا۔ مانگا منڈی کے علاقہ میں گذشتہ روز 40 سالہ بلقیس اپنے بھتیجے محمد عامر کے ہمراہ موٹرسائیکل پر رشتہ داروں کے گھر جا رہی تھی تیز رفتار ٹرک نے ان کو ٹکر مار دی۔ جس سے چچی‘ بھتیجا شدید زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے انہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ جہاں بلقیس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ عامر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں ہربنس پورہ کے علاقہ میں تیزرفتار کار نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہڈیارہ کا رہائشی نوجوان بلال گذشتہ روز موٹرسائیکل پر ہربنس پورہ روڈ پر جا رہا تھا کہ تیز رفتار کار نے اسے ٹکر مار دی۔ جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔