
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئندہ مالی سال 2023-24 کا بجٹ پیش کر رہے ہیں. جس کا حجم 14 ہزار 460 ارب روپے سے زائد ہے۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ سے متعلق تقریر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اتحادی حکومت کا دوسرا بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے.معیشت کی بہتری کیلئے کچھ اہم فیصلے کرنا پڑیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سخت فیصلوں سے عوام کو مہنگائی اور غربت میں اضافے کاسامنا کرنا پڑے گا،روپے کی قدر میں کمی سے معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے. حکومت نے سیاست نہیں ریاست بچاو پالیسی پر عمل کیا۔اپنی سیاسی ساکھ کی قربانی دے کر معیشت کی بحالی کو ترجیح دی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ جون 2018 میں پاکستان کاقرضہ250 کھرب روپے تھا، پی ٹی آئی کی معاشی بدانتظامی اور بلند ترین بجٹ خساروں کی وجہ سے 490کھرب تک پہنچ گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں 1947سے2018تک 71سال کاسب سے زیادہ قرضہ لیا گیا۔