پی ایس ایل کو آئی پی ایل کی طرح بننے میں وقت لگے گا،وسیم خان
کراچی (اسپورٹس ڈیسک ) پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے نجم سیٹھی کے الزام کومسترد کر دیا اور کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں تشکیل کردہ فنانشل ماڈل کی وجہ سے ہی فرنچائزز اب تک منافع نہیں کما سکیں، ہماری اولین ترجیح اسے مزید بہتربنانا ہے، ہم ٹیم مالکان کے ساتھ مختلف فنانشل ماڈلز پرکام کررہے ہیں تاکہ ان کی آمدنی میں زیادہ اضافہ ہوسکے، موجودہ ماڈل کی وجہ سے ابھی تک ہم پی ایس ایل میں ٹیمیں بڑھانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ایک سوال پر وسیم خان نے واضح کیاکہ پی ایس ایل کو آئی پی ایل کی طرح بننے میں وقت لگے گا،دونوں لیگز میں بڑا فرق کھلاڑیوں کے معاوضوں کا ہے، بھارتی لیگ میں 2سے3 ملین ڈالرز ہر کھلاڑی کو مل رہے ہیں جس کی وجہ سے تمام بڑے نام اس میں کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں، ہم پی ایس ایل کو آگے بڑھا رہے ہیں،جب ہم بھی آئی پی ایل کی طرح زیادہ پیسہ کرکٹرز کو دینے کے قابل ہوئے تو ہماری لیگ میں بھی تمام بڑے نام آکرکھیلیں گے۔انھوں نے کہا کہ فروری میں شیڈول پی ایس ایل 7 کو آگے لے جانا پڑے گا،آسٹریلوی ٹیم 22سال بعد پاکستان آ رہی ہے،اگر ہم اس کے لیے ونڈو خالی نہیں کرتے تو پھر فیوچر ٹورز پروگرام کے مصروف ترین شیڈول کی وجہ سے کینگروز کی میزبانی کے لیے 3،4 سال مزید انتظار کرنا پڑے گا، جنوری میں آسٹریلیا سے مچز کے لیے کراچی کا موسم بڑا سازگار ہوگا جبکہ فروری میں میچز پنجاب میں کرائے جاسکتے ہیں، ہم حالیہ ایونٹ کے اختتام پر اگلے ایڈیشن کے حوالے سے فرنچائرز سے بات کریں گے۔