پی ٹی آئی کے امیدواروں کی لسٹ سے پی ٹی آئی ہی غائب ہے،اصل چہروں کو ڈھونڈنا پڑتا ہے, تمام لوٹے پی ٹی آئی کا حصہ ہیں: ترجمان مسلم لیگ ن
سابق وزیراطلاعات و نشریات اورمسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدواروں کی لسٹ سے تحریک انصاف ہی غائب ہو گئی ہے, لوگ تلاش کر رہے ہیں کہ ان میں سے تحریک انصاف سے کوئی بھی امیدوار نظر نہیں آتا۔ پاکستان لوٹا تحریک انصاف سب کے سامنے ہے ، اس میں اصل چہروں کو ڈھونڈنا پڑتا ہے ,وہ تمام لوٹے جو دوسری پارٹیوں سے نکلے وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فلیٹیز ہوٹل میں منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب میں کیا. اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما ء مشاہد حسین سید ، مائزہ حمید، نہال ہاشمی و دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ’’ووٹ کو عزت دو اور خدمت کو عزت دو ‘‘ کے نعرے کیساتھ الیکشن میں جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں ، پانچ سال مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی قیادت میں اور شہباز شریف کی قیادت میں ان کے خدمت کے ایجنڈے کے ساتھ عوام کی خدمت کی ہے وہ عوام کے سامنےہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بی بی سی کے پروگرام ہارڈ ٹاک میں میزبان کے ایک بھی سوال کا ٹھیک طرح جواب نہیں دے سکے. میزبان بار بار پوچھتا رہا کہ خان صاحب بتائیں آپ نے خیبر پختونخوا میں کتنی نوکریاں دی ہیں ؟ کتنی نئی یونیورسٹیاں اور ہسپتال قائم کیے ہیں؟ لیکن خان صاحب کے پاس ان تمام سوالوں کا کوئی جواب نہیں تھا ۔ میزبان نے سوال کیا کہ آپ ملٹی ملینیئرہیں تو خان صاحب کا جواب تھا کہ میں نے لندن کا فلیٹ بیچ کر بنی گا لہ میں گھر بنایا ،میں کیسے رہتا ہوں اس سے کسی کا کچھ لینا دینا نہیں ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب بی بی سی کے میزبان نے عمران خان سے سوال کیاکہ بلاول بھٹو آپ کو طالبان کا بھائی کہتے ہیں تو عمران خان سوال گول گر گئے ,ان کے پاس اپنی طالبان پالیسی کا کوئی واضح جواب نہیں تھا ۔ جب میزبان نے سوال کیا کہ گیلپ سروے واضح کہہ رہا ہے کہ ن لیگ کوآپ کی پارٹی پر برتری حاصل ہے اور آپ کی جماعت مقبولیت میں ن لیگ سے پیچھے ہے ، ن لیگ 36 فیصد اور تحریک انصاف صرف 24فیصد مقبول ہے تو خان صاحب نے سروے کو ہی غلط قرار دے دیا، پھر کہنے لگے نئے سروے میں ہم جیت رہے ہیں ۔ جب میزبان نے سوال کیا کہ آپ کی جماعت کی رکن شیریں مزاری کہتی ہیں کہ جو امریکاکا دوست ہے وہ غد ار ہے تو خان صاحب کے پاس کوئی جواب نہیں تھا اورانہوں نے کہا کہ امریکاسپر پاور ہے ہمیں امریکہ کا دوست رہنا چاہیے۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ امریکی کانگریس کی خواتین ارکان Jan Shakowsky اور Gwen Moore نے پنجاب میں خواتین کے حوالے سے کی گئی قانون سازی کی تعریف کی ہے .انہوں نے کہا کہ ساری دنیا ہمارے کام کی تعریف کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ابھی تک پارٹی کی طرف سے کوئی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، ٹکٹوں کے لیے کثیر تعداد میں لوگوں نے اپلائی کیا ہوا ہے, ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جلد ہی پارلیمانی بورڈ ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کریگا۔