نواب شاہ میں ہیٹ ویو کے باوجود اسپتال میں سہولتوں کا فقدان
نواب شاہ(نامہ نگار) نواب شاہ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور لو لگنے کے ایک درجن سے زائد مریض پیپلز میڈیکل اسپتال لائے گئے ہیں اسپتال میں ہیٹ اسٹروک وارڈ میں عدم سہولیات کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں سخت گرمی پڑ رہی ہے اور گرمی سے بچنے کے لئے لوگ درختوں اور شیڈ کے نیچے بیٹھ کر وقت گذاررہے جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق ایک درجن سے زائد افراد لو لگنے کے باعث اسپتال لائے گئے تاہم مریضوں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ہیٹ اسٹروک وارڈ تو قائم کردیا گیا لیکن یہاں پر ایئر کنڈیشنڈ نہیں لگایا گیا ہے جبکہ پنکھے بھی خراب ہیں جس کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک کے مریض جنہیں ٹھنڈے ماحول میں رکھا جاناتھا شدید گرمی اور حبس میں تڑپنے پر مجبور ہیں اس سلسلے میں اسپتال میں داخل مزدور محمد شریف بھرگڑی کا کہنا تھا کہ اس وارڈ سے تو باہر اچھے تھے جہاں کم از کم ہوا تو لگ رہی تھی یہاں تو سانس لینا بھی دو بھر ہوگیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہیٹ اسٹروک وارڈ ایئر کنڈیشنڈ کیا جائے اور پنکھوں کی مرمت کرائی جائے۔