بلدیہ کوٹری میں چیف افسر کا تقرر نہ ہوسکا ، انتظامی امور ٹھپ
کوٹری(نامہ نگار)بلدیہ کوٹری میں چیف آفیسر کی عدم تقرری سے انتظامی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ۔عملہ ڈیوٹیوں سے غائب ہے اور ضلعی انتظامیہ اپنے دعوئوں میںناکام نظر آتی ہے۔ رمضان المبارک میں صحت وصفائی کا نظام درہم برہم ہے،گلی کوچوں میں گٹروں کا پانی ابل کر تالاب کی شکل اختیار کرگیا۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ کوٹری میں گزشتہ ماہ سے چیف میونسپل آفیسر کا تقرر نہ ہونے کے سبب انتظامی امور ٹھپ ہیں ۔سابق چیف میونسپل آفیسر پیر واحد بخش کے تبادلہ کے بعد سے ہنوزکسی بھی افسر کا تقرر نہیں کیا جاسکا ہے اور بلدیہ کوٹری میں چیف میونسپل آفیسر کی عدم موجودگی کے باعث ملازمین کی تنخواہیں بھی جاری نہیں ہوسکی ہیں جبکہ بعض ملازمین نے ڈیوٹیوں پر آنا چھوڑ دیا ہے۔بلدیہ کوٹری میں اکائونٹ افسر کی خالی پوسٹ پر مرزا قربان کا تقرر کیا گیا ہے مگر انہیں بھی سیاسی بنیاد پر چارج نہیں دیا جارہا ہے اور وہ بلدیہ کوٹری کے چکر لگانے پر مجبور ہیں انکا کہنا ہے کہ انہیں سیکریٹری بلدیات نے اکائونٹس افسر کوٹری بلدیہ تعینات کیا ہے مگر مجھے جوائننگ نہیں دی جارہی ہے۔