زرعی بیجوں کی افزائش کا معاملہ، جواب داخل نہ کرانے پر عدالت کا اظہاربرہمی
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی بیجوں کی افزائش کیلئے قانون کی منظوری دینے کیخلاف دائردرخواست پر حکومت کی جانب سے جواب داخل نہ کروانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ کیوں نہ غیر ملکی بیجوں کو رجسٹرڈ کرنے والی رجسٹری پلانٹ بریڈر رائٹس کو معطل کر دیا جائے عدالت نے مزید کہا کہ آئیندہ سماعت پر جواب داخل نہ کروایا گیا تو عدالت اپنا فیصلہ سنا دے گی۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے این جی او ہیومن وائس کی درخواست پر سماعت کی ۔جس میںو فاقی حکومت نے پلانٹ بریڈرز رائٹس ایکٹ اور سیڈ ایکٹ 2016 کو چیلنج کیا گیا ہے. درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ زراعت سے متعلق قانون سازی سے پہلے صوبائی اسمبلیوں کی رضامندی ضروری ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا. عدالت نے حیرت کا اظہار کیا کہ صوبائی اسمبلیوں کی رضامندی کے بغیر پارلیمنٹ نے زراعت سے متعلق قانون کیسے منظور کرلیا. وکیل نے استدعا کہ عوامی مفاد کے خلاف بنائے گئے قانون کو کالعدم قرار دیا جائے.درخواست پر مزید کارروائی 22 جون کو ہو گی۔