شہریوں کی مارکیٹوں تک باآسانی رسائی کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل
لا ہور (نامہ نگار+ سپیشل رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس مارکیٹوں،بازاروں،شاپنگ مالز سمیت مصروف شاہرراہوں پر ٹریفک مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے۔شہریوں کی مارکیٹوں تک باآسانی پہنچ کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے ۔ مجموعی طور پر شہر بھر میں سو سے زائد مارکیٹوں اور اہم چوکوں میں ٹریفک کی روانی اور غلط پارکنگ کے خاتمہ کیلئے 13 ڈی ایس پیز کی نگرانی میں اضافی 37 انسپکٹرز، 362 ٹریفک وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں۔ غلط پارکنگ کے خاتمہ کیلئے34فوک لفٹرز اور 4بریک ڈائونز بھی تعینات کیئے گئے ہیںجبکہ مزید 45پٹرولنگ افسران مارکیٹوں میں گشت کرتے نظر آئیں گے رائے اعجاز احمد کا کہناتھا کہ ایس پی ٹریفک سردار محمد آصف اور ایس پی آصف صدیق انتظامات کی مکمل سپرویژن کریں گے۔ رائے اعجاز احمد کا کہناتھا کہ رانگ پارکنگ سڑک پر قبضہ کرنے کے مترادف ہے جبکہ ون وے ٹریفک خود کشی کے مترادف ہے۔ ٹریفک مسائل کی بڑی وجوہات شہریوںکی طرف سے اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو سڑک پر پارک کردینا ہے جس دوسرے شہری اذیت سے دو چار ہوتے ہیں۔