نواز شریف کو پاکستانی عوام کی عملی خدمت کرنے کی سزا دی جا رہی ہے،خالد بٹ
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)مسلم لیگ ن کے رہنما وممبر کینٹ بورڈ چکلالہ وارڈ5الحاج خالد بٹ نے کہا ہے کہ عوام جس کو ووٹ دیں گے وہی اقتدار میں آئے گا اور عوام کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے حق میں ہوگا ۔ میاں نواز شریف کو پاکستانی عوام کی عملی خدمت کرنے کی سزا دی جا رہی ہے مگر مسلم لیگ ن اس عوامی خدمت سے باز نہیں آئیگی ۔ ہم اپنے اگلے دور اقتدار میں پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کی جدوجہد کریں گے اور جو ترقیاتی منصوبے ادھورے رہ گئے ہیں وہ مکمل کریں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ عمران خان کی سیاست ملک کو انتشار کی جانب لے کر جا سکتی ہے ۔ ریحام خان نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کی وجہ سے کتاب لکھی جنہوں نے پاکستانی عوام کو عمران خان کا اصل چہرہ دکھانے کی کوشش کی ہے ۔ اس میں پاکستان مسلم لیگ ن کا کوئی عمل دخل نہیں ۔ کل پی ٹی آئی والے یہ بھی کہہ دیں گے کہ ریحام خان کی شادی بھی مسلم لیگ ن نے کروائی تھی اور طلاق بھی ن لیگ نے ہی دلوائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء سے قبل کے پاکستان اور آج کے پاکستان میں فرق واضع ہے ۔ ہماری حکومت نے تمام وسائل عوام کی بہبود پر خرچ کرکے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کی کوشش کی ہے جس کے باعث لوگ عدالت کی جانب سے نا اہل قرار پانے کے باوجود نواز شریف کے دیوانے ہیں ۔