بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں: میاں مقصود
لاہور(خصوصی نامہ نگار) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالے سے ریمارکس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فی الفور ملک میں بڑے آبی ذخائر بشمول کالاباغ ڈیم کی تعمیر، صوبوں میں اتفاق رائے پیداکرنے کے لئے اقدامات شروع کئے جائیں تاکہ ملک میں بجلی اور آب پاشی کے لئے پانی میں کمی کے بحران پر قابوپایاجاسکے۔ کالاباغ ڈیم اوردیگرڈیموںکی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقاء کے لئے ناگزیر ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت ہمارے دریائوں پر تیزی سے ڈیم تعمیر کررہاہے جبکہ ہمارے ہاں کالاباغ ڈیم جیسے قومی منصوبے کوسیاست کی نذر کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بھارت دن بدن آبی جارحیت میں اضافہ کررہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کالاباغ ڈیم کے حوالے سے ملک میں موجود خدشات کودور کرتے ہوئے قومی اہمیت کے حامل تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کویقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے بجلی کے بحران پرقابوپانے کے ساتھ ساتھ 60لاکھ ایکڑزمین کوقابل کاشت بنایا جا سکتا ہے اس سے خوشحالی کاایک نیادور شروع ہوگا۔