رمضان کا آخری عشرہ خود احتسابی کی دعوت دیتا ہے: راغب نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ رمضان کا آخری عشرہ ’’خود احتسابی‘‘کے طورپرگزارجائے۔ہرمسلمان انسان کوگناہوں سے پاک زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے، اگر گناہ ہو جائے تو فوراً توبہ کرے اور اللہ سے مغفرت طلب کرے۔رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں عموماً صدقۃ الفطر ادا کیا جاتا ہے۔ صدقۃ الفطر کو اپنی حیثیت کے مطابق ادا کریں، گندم، جو، کشمش اور کجھور ان تمام چیزوں یا ان کے متعین اوزان کی مقرر کردہ قیمت کے ساتھ صدقۃ الفطر ادا کیا جا سکتا ہے، صدقہ،خیرات،زکواۃ اور خاص کر رمضان المبارک کے مہینے میں فطرہ کی رقم مستحق افراد کو دی جائے تاکہ حقداروں تک ان کا حق پہنچ سکے۔ ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید کی 9ویں برسی پر ان کی خدمات جلیلہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہید پاکستان کانفرنس کل نمازعصر کے بعد جامعہ نعیمیہ میں منعقد ہوگی۔