اسلام آبادمیںبعض خراب سٹریٹ لائٹس شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بن گئیں
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے گنجان آباد سیکٹروں جی سکس اور جی سیون بعض خراب سٹریٹ لائٹس شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بن گئیں،سٹریٹ لائٹس ڈویژن نے فنڈز کی عدم دستیابی کو بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دستیاب وسائل سے ضروری مرمت کا کام کیا جارہا ہے۔سیکٹرجی سکس اور جی سیون کے رہائشیوں نے جمعہ کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اکثر سٹریٹ لایٹس خراب ہیں اور اکثر کھمبوں کے بجلی کے تار ہی غائب ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ سٹریٹ لائٹس کے مسئلہ کے باعث تراویح اور سحری کے اوقات میں گھر سے نکلنا،رات کو سودا سلف لانے یا کسی ضروری کام سے باہر جانا اوررات گئے ڈیوٹی پر آنے جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز کی قلت کے باعث نئے سامان کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم جلد اس مسئلہ کو حل کر دیا جائے گا۔ انھون نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جاتا ہے ۔