انتہا پسندی ختم کئے بغیر دہشتگردی کا خاتمہ خام خیالی ہے: حسن محی الدین
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ جب تک تنگ نظری اور انتہا پسندی ہے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا دعویٰ محض خوش فہمی ہے، ریاست پاکستان کو سوچ اور نصاب سے انتہا پسندی ختم کرنے کے اقدامات کرنے ہونگے، آج بھی پاکستان اور عالم اسلام کا نمبر ون مسئلہ انتہا پسندی، عدم برداشت اور دہشتگردی ہے، دہشتگردی کا مسئلہ ہمارا قومی مسئلہ ہے، اس سے عہدہ برآں ہونے کیلئے قوم کو یکجا ہو کر جدوجہد کرنی ہو گی، حضور نبی اکرمﷺ کے احکامات کی روشنی میں امن اور سلامتی والی حقیقی تعلیمات ہر مسلمان کو اپنے اندر پیدا کرنا ہونگی، دوسروں کو برداشت کرنے کی ہمت پیدا بڑھانی ہو گی، انہوں نے کہا کہ رواداری اور برداشت کی انسانی صفات گھر سے باہر اپنانے کے ساتھ ساتھ انہیں گھر کے اندر بھی اپنانا ہو گا، اپنی ذات، گھر، خاندان ،کاروبار ہر جگہ تحمل اور برداشت کا رویہ اپنائیں، افراد اورمعاشرے کا تعلق جس بھی قوم، برادری، رنگ و نسل سے ہو اس کا احترام کیا جائے۔