بھارت: قرض ادا نہ کر سکنے پر تاجر نے بیوی‘ 2 بچوں سمیت خودکشی کر لی
نئی دہلی (اے پی پی) بھارت میں تاجر نے قرض کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اپنے خاندان کے تمام 4 ارکان سمیت زہریلا مادہ کھا کر خود کشی کر لی۔بھارت کے خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع کوتوالی کے گائوں بھوور نرنجن پور میں شیو کمار جیسوال کے اہل خانہ نے زہر کھا لیا جس سے 3 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ۔ ایک زخمی کو قریبی میڈیکل کالج میں منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق شیو کمار جیسوال بیسن، آٹے اور گھی کی سپلائی کا کام کرتا تھا۔ بینک اور سود خوروں کے تقاضوں اور قرض کی عدم ادائیگی سے تنگ آکر بیوی مینا اور بچوں سمیت سلفائیڈ کھاکر جان دیدی۔ ادھر بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں کسان نے قرض سے پریشان ہو کر خود کشی کر لی ۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 44 سالہ کسان سریش مراوی نے گزشتہ رات کو اپنے سسرالی گاؤں کدری میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔سریش نے مروای علاقہ کے کوآپریٹو بینک سے کاشت کے لئے چند سال پہلے ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کا قرض لیا تھا۔واضح رہے کہ بھارت میں اب تک قرضے سے پریشان حال ہزاروں کسان خودکشی کر چکے ہیں۔