بلتستان بھر میں فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے یوم القدس منایا گیا
سکردو (نمائندہ نوائے وقت) بلتستان بھر میں گزشتہ روز جمعتہ الوداع مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اور فلسطین اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر تمام مساجد میں جمعہ کے خطبات میں خطیبوں اور علماء کرام نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ہنے والی ریاستی دہشت گردی اور مسلمان کش اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی۔ انہوں نے عالمی رائے عامہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم اور قتل عام کو روکنے اور ان علاقوں کی آزادی کیلئے اپنا موثر اور بھرپور کردار ادا کریں۔ اور اسرائیل اور بھارت پر بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کیلئے سفارتی اور سیاسی اثر استعمال کریں۔ اس موقع پر نماز جمعہ کے اجتماعات میں کشمیر اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے اور وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔