این اے 162: الیکشن آفس کی جگہ کا تنازع‘ ن لیگ‘ پی ٹی آئی میں سخت کشیدگی
گگو منڈی( نا مہ نگار)این اے 162سے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے مابین الیکشن آ فس کی جگہ پر تنازع ۔ایک دوسرے کے بورڈ اور ٹینٹ اکھاڑ دیئے کرسیاں الٹ دیں ۔کارکنوں میں شدید کشیدگی ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن2018کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار قومی اسمبلی این اے 162چوہدری نذیر احمد آ رائیں نے تقریباًایک ماہ قبل لاہور روڈ پر نادرہ آ فس سے ملحقہ متنازعہ سرکاری پلاٹ پر اپنے الیکشن آ فس کا بورڈ نصب کر دیا تھا جسے گزشتہ رات پی ٹی آئی کی امیدوار عائشہ نذیر جٹ کے ورکرز نے اکھاڑ کر اس جگہ پر عائشہ نذیر جٹ کا الیکشن آ فس قائم کر کے ٹینٹ لگا دیئے اور کرسیاں بچھا دیں جس کی اطلاع چوہدری نذیر احمد آ رائیں کو ملی تو انہوں نے مسلم لیگی کارکنوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر عائشہ نذیر جٹ کا کیمپ اکھاڑ دیا اور کرسیاں الٹ دیں جس سے کارکنوں میں شدید اشتعال پھیل گیا ۔تا ہم مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا لیا اور فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کر لیا ۔چوہدری نذیر احمد آ رائیں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک ماہ قبل اس جگہ پر الیکشن آ فس کا بورڈ لگا دیا تھا جسے مخالفین نے اکھاڑ کر زیادتی کی ہے جبکہ عائشہ نذیر جٹ کے آ فس انچارج عبدالرؤف واہلہ نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں اس جگہ پر عائشہ نذیر جٹ کا الیکشن آ فس بنا یا گیا تھا اس لیے اس جگہ پر ہمارا حق ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق عائشہ نذیر جٹ کے آ فس انچارج عبدالرؤف واہلہ اور اس کے ساتھیوں نے چوہدری نذیر احمد آ رائیں کے بورڈ کے آ ہنی پائپ کاٹ کر بورڈ گرا دیا تھا اور ساتھیوں کی مدد سے وہاں اپنا کیمپ قائم کر لیا تھا ۔لیکن پو لیس نے دونوں گروپوں کو اس متنازعہ سرکاری پلاٹ پر الیکشن آ فس بنانے سے روک دیا ہے ۔