مشرف کبھی پاکستان واپس نہیں آئیں گے: کیپٹن صفدر
اسلام آباد(نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کبھی پاکستان واپس نہیں آئیں گے ، پرویز مشرف کو معلوم ہے کہ انہوں نے قانون شکنی کی اور عوام کے منتخب کردہ وزیراعظم نوازشریف کوگرفتارکیا۔ 12 مئی کو کراچی میں قانون سے کھلواڑ کیاگیا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ پرویز مشرف جعلی ریفرنڈم کے ذریعے صدارت کے عہدے پر براجمان ہوئے، ایل ایف او کا قانون لیکر آئے، ڈالرز کے عوض پاکستانیوں کو امریکہ کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر کبھی وطن واپس نہیں آئینگے بہادر ہوتے تو کارگل سے راہ فرار اختیار نہ کرتے۔ مشرف اس جنم میں کبھی بھی پاکستان آنے کی غلطی نہیں کرینگے۔ اگر ہم بے قصور ہوتے ہوئے عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں تو آمر کا اللہ حافظ ہے۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھاکہ ریحام خان کی کتاب کافی حد تک حقائق پر مشتمل ہے۔ معلوم نہیں کہ مرد کب عورتوں کے خلاف کتاب لکھیںگے۔