امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ایس او ایس ولیج اسلام آباد میں رمضان تقریبات میں شرکت
اسلام آباد (اے پی پی) امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ایس او ایس ولیج اسلام آباد میں 100 سے زیادہ بچوں اور عملے کے ساتھ رمضان المبارک کی مناسبت سے ہونے والی سرگرمیوں میں شرکت کی۔سفیر ہیل نے ایس او ایس ولیج کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان بھر میں ہزاروں بچوں کو پناہ اور روشن مستقبل فراہم کر رہا ہے۔ جمعہ کو امریکی سفارتخانہ کے مطابق سفیر ڈیوڈ ہیل نے حاضرین کو پی یو اے این اور امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی جانب سے رمضان المبارک اور عید کی پیشگی مبارکباد بھی پیش کی۔ آدھے دن پر محیط ان تقریبات میں مصوری، قصہ خوانی کی محفل اور پاکستان۔ امریکہ ایلومینائی نیٹ ورک (پی یو اے این) اسلام آباد۔ راولپنڈی کے زیر اہتمام افطاری شامل تھی۔ سفیر ہیل نے بچوں سے ملاقات کی اور ان کے تیار کیے گئے فن پاروں کو سراہا۔ بچوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کیے اور اس موقع پر موجود بچوں، عملے کے ارکان اور 30 پی یو اے این رضاکاروں سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے امریکی اور پاکستانی معاشرہ میں مشترکہ اقدار امن، شکر گزاری، برداشت و رواداری اور یگانگت کو اجاگر کیا۔ پی یو اے این 25000 طالبعلموں اور پیشہ ور افراد کا نیٹ ورک ہے جنہوں نے امریکی حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں میں شرکت کی ہے۔