نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ منظوری کا فیصلہ کرلیا
پشاور (بیورو رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پی کے جسٹس (ر) دوست محمدنے آئین میں دیئے گئے اختیارات کی رو سے جولائی سے اکتوبر 2018ء تک چار ماہ کے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے اور عید کی چھٹیوں کے فوری بعد صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق 10فیصد اضافے سے بھی اتفاق کیا گیا وزیراعلیٰ نے مذکورہ چار مہینو ں کے لئے بجٹ اور اے ڈی پی سکیموں کیلئے سمری پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ دوست محمد کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں بجٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری اعظم خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی شہزاد بنگش ، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔نگران وزیر اعلیٰ کو 2018 authorized expenditure (July - October) اور مذکورہ چار ماہ کا بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے آئینی اختیارات ، چار ماہ کا تخمینہ اخراجات ، ترقیاتی سکیموں کی ترجیحات اور دیگر اہم پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی جولائی سے اکتوبر چار ماہ کیلئے authorized expendituresکا تخمینہ 198.5ارب روپے تجویز کیا گیا ہے کرنٹ اخراجات کیلئے 145.4ارب روپے تجویز کئے گئے ہیں جن میں سے 84.8ارب روپے تنخواہوں جبکہ 61.6ارب روپے نان سیلری اخراجات کی مد میں رکھے گئے ہیں ضلعی حکومتوں کیلئے 66.38ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ چار ماہ کا ترقیاتی بجٹ 53.1 ارب روپے ہے جس میں سے 24.4ارب روپے صوبائی ، 9.8ارب روپے ضلعی اور 18.9ارب روپے ایف بی اے کیلئے رکھے گئے ہیں وزیر اعلیٰ کو بجٹ19- 2018 کی محصولات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاق کی طرف سے ٹرانسفرز 469.9ارب روپے ہیں۔ علاوہ ازیں جسٹس (ر) دوست محمد نے پیسکو چیف کو صوبے میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے وہ پیسکو کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر امجد سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں ٹرانسمیشن سسٹم کی اپ گریڈیشن اور لوڈ شیڈنگ سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا نگران وزیر اعلیٰ نے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کرنے اور رمضان میں لوگوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں لوگوں کو ریلیف ضرور دیا جائے دوست محمد نے پیسکو چیف کو ہدایت کی کہ الیکشن میں بجلی کی فراہمی کے لئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ پیسکو چیف بذات خود لوڈ شیڈنگ ، لوڈ مینجمنٹ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی نگرانی کریں۔ انہوں نے شمسی توانائی کے امکان کو exploreکرنے اور صوبے میں بجلی پیدا کرنے کیلئے ونڈ کوریڈور تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔