ملتان میٹرو پراجیکٹ: اراضی ایکوزیشن میں زائد ادائیگی کرنیوالوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ
ملتان (نمائندہ خصوصی) نیب ملتان بیورو نے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ میں 2 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی شکایات پر باقاعدہ انکوائری شروع کردی ہے اس کے ساتھ ہی نیب نے فیڈر بس سروس کے کنٹریکٹ میں سامنے آنے والی شکایات کی چھان بین شروع کردی ہے معلوم ہوا ہے چیئرمین نیب کے احکامات پر نیب ملتان نے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ میں شکایات کی چھان بین کی۔ انکوائری آفیسر نے اس پروجیکٹ کی چھان بین کے بعد 2 ارب روپے سے زائد مالیت کی کرپشن کا سراغ لگایا اور اپنی رپورٹ میں ملتان میٹرو بس کیس کی باقاعدہ انکوائری شروع کر کرنے کے سفارشات مرتب کیں۔ جس کی نیب اسلام آباد میں ایگزیکٹو بورڈ کی میٹننگ میں منظوری دی گئی۔ جس کے بعد انکوائری ملتان نیب کو بھجوا دی گئی۔ معلوم ہوا ہے انکوائری میں شعبہ انجینئرنگ اور لینڈ ایکوزیشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر زور دیا گیا۔ نیب ملتان اراضی ایکوزیشن میں اختیارات کا ناجائز استعمال اور طے شدہ ریٹس سے زائد ادائیگی کرنے والوں کو حراست میں لینے کا فیصلہ کیا ہے معلوم ہوا ہے انکوائری میں فیڈر بس سروس کے کنٹریکٹ پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔