مقبوضہ کشمیر: کشمیریوں نے یوم القدس منایا، زبردست مظاہرے، ہڑتال، جھڑپوں میں کئی زخمی، آصفہ قتل کیس کے 7 ملزموں پر فرد جرم عائد
سرینگر( این این آئی + اے این این + نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں یوم القدس منایا گیا ، اس موقع پر زبر دست احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ہڑتال رہی نمازجمعہ کے بعد سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اس موقع پر سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو ضمیر کے قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کی واحد خطا اپنے پیدائشی حق ’’خودارادیت ‘‘ کا مطالبہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے اشاروں پر ناچنے والی کٹھ پتلی حکومت کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ دختر ان ملت نے پارٹی سربراہ آسیہ اندرابی اور دیگر رہنمائوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کے پولیس ریمانڈ میں 21جون تک توسیع کی شدید مذمت کی ہے۔ جموں وکشمیر مسلم لیگ نے جیلوں میں غیر قانونی طو پر نظر بند کشمیریوں کے صبر و استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نظر بندوں کی عیدالفطر سے پہلے رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر پر بھارتی حکومت کو حقائق سے بعید قرار دیتے ہوئے حریت کانفرنس’’ع‘‘ گروپ کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ایک طرف بھارتی حکمران جنگ بندی اور مذاکرات کا راگ الاپ رہے ہیں جب کہ دوسری جانب کشت و خون کو کسی بہانے سے دراز کیا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔ وادی میں ماہ رمضان کے دوران یک طرفہ جنگ بندی سے بہتر ماحول پیدا ہونے کا دعوی کرتے ہوئے ریاستی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ جنگجوئوں کے خلاف آپریشنز کی معطلی کے نتیجے میں کشمیری نوجوان چین کی سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے جنگ بندی میں توسیع کرنے کی وکالت کی۔نیشنل کانفرنس کے صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ مذاکرات پر مرکزی سرکار کے متضاد بیانات نے جو کنفیوژن پیدا کیا ہے ۔ اس صورتحال میں کشمیری رہنمائوں سے مثبت رد عمل کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارتی میڈیا کے ایک حصے کی جانب سے پھیلائی جانے والی خبروں کہ جن میں کہا جا رہا ہے کہ یاسین ملک پی ڈی پی کی کسی لیڈر سے ملاقات ہوئی ہے کی سخت الفاظ میں تردید کی ہے اور اس خبر کو پی ڈی پی اور اس کے آقائوں کی جانب سے کشمیری عوام کے اندر اپنی گری ہوئی ساکھ کی بحالی کے لئے ایک بے تاب کوشش قرار دیا ہے۔کپواڑہ قصبہ سے تعلق رکھنے والے صف اول کے جنگجو فاروق احمد ڈاگہ جو گزشتہ 7برسوں سے دلی کے تہاڑ جیل میں بند تھے ، کو عدالت نے بری کر دیا۔
کشمیر