پانی ملک اور قوم کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے‘ ضیاء عباس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاستداں او ر مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ پانی ملک اور قوم کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ بھارت ہمارے حصے کے پانی کو روک کر پاکستان کو بنجر بنانے کی سازش کررہا ہے اور ہم یہ فیصلہ ہی نہیں کرپارہے کہ کون سا ڈیم کس صوبے کے لئے نقصان دہ اور کس کے فائدے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کئی ایسے مرحلے آئے جب کالا باغ ڈیم بنایا جاسکتا تھا لیکن کچھ سیاستدانوں نے اسے متنازعہ بنادیا جبکہ فوجی حکمرانوں کے آڑے ان کی مصلحتیں آگئیں تاہم اب چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کا پانی کے مسئلے کواہمیت دینا قابل ستائش ہے۔ سید ضیاء عباس نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے ساتھ دریائوں کے پانی کی تقسیم واضح اور ورلڈ بنک اس کا ضامن ہے لیکن اس کے باوجود بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیم بناکر پاکستان کا پانی روکا جارہا ہے اس کے بعد بھی اگر ہم نے پانی کے مسئلے کو اہمیت نہیں دی تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی اس معاملے میں صرف موجودہ چیف جسٹس ہی نہیں سیاستدانوں خاص طور پر آنے والی حکومت کو بھی بھرپورکردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
ضیاء عباس