پاکستان کرکٹ کی مکمل اوورہالنگ کی ضرورت ہے : رمیز راجہ
لندن(چودھری اشرف)سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کی مکمل اوور ہالنگ کی ضرورت ہے، پاکستان کرکٹ کا پورا سسٹم ہینگ ہو گیا جس کو از سر نو بوٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ مستقبل میں پاکستان ٹیم مزید بحران کا شکار ہو گی۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہاتھوں پاکستان ٹیم کی شکست شرمناک ہے۔ بھارت کرکٹ میں بہت زیادہ ترقی کر گیا ہے جس کا مقابلہ کرنا پاکستان کے بس کی بات نہیں رہی ہے۔ ڈسپلن کے شکار کھلاڑیوں کو جب تک بار بار ٹیم میں مواقع دیئے جاتے رہیں گے نتائج ایسے ہی نکلیں گے کہ ہم بڑی ٹیموں کے خلاف شکست سے دوچار ہوتے جائیں گے۔ ہمارا ڈومیسٹک کرکٹ کا سٹسم بھی مکمل طور پر فلاپ ہو چکا ہے جہاں سے ایسے کھلاڑی سامنے نہیں آ رہے ہیں جن پر آنکھیں بند کر اعتماد کیا جا سکے۔ وہاب ریاض کو اب اپنے بارے میں سوچنا ہوگا ۔ پاکستان سپر لیگ سے چند کھلاڑی سامنے آئے ہیں جنہیں اب انٹرنیشنل مقابلوں میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ہماری بیٹنگ لائن بہت کمزور ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر سکتی ہے۔سری لنکا کی ٹیم دو میچز میں شکست کھا چکی ہے اس کے خلاف کامیابی سے ایسا ممکن ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان ٹیم کی باڈی لینگوئج مثبت تھی، اسی جذبے کے ساتھ سری لنکا کے خلاف میدان میں اترنا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین کوئی بھی ہو ایسا ہونا چاہے جو پاکستان کی گراس روٹ کرکٹ کے مسائل کی سمجھ بوجھ رکھتا ہو۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پلیئرز ایسوسی ایشن کا قیام بھی ضروری ہے جس کے لئے سابق کرکٹرز نے ماضی میں بھی کوشش کی تھی لیکن کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ ہر شکست کے بعد کمیٹیاں بنا دینا اس کا حل نہیں ہے بلکہ 90 کے دہائی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے تمام کرکٹرز کو اکھٹا کر کے ایک حکمت عملی تیار کی جائے جس سے مستقبل کی پلاننگ تیار کی جائے۔