کنڑول لائن : بھارتی گولہ باری سے خاتون شہید 4 زخمی متعدد گھر تباہ
راولپنڈی، اسلام آباد، نکیال(آن لائن+آئی این پی) بے لگام بھارتی فوج کی کنٹرول لائن کے نکیال اور کیانی سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ گولہ باری جاری جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید‘ 4افراد زخمی ہوگئے۔ شیلنگ سے متعدد گھر تباہ ہوگئے جبکہ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی گنیں اور توپیں خاموش ہو گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کے نکیال اور کیانی سیکٹرز پر بھاری ہتھیاروں اور توپ خانے سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے بھارتی مورچوں کو موثر اور بھر پور انداز میں نشانہ بنایا اورعوام کو نشانہ بنانے والی بھارتی بندوقوں کو خاموش کرادیا۔وادی جہلم کے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید کیانی کے مطابق مظفرآباد سے سو کلومیٹر کی مسافت پر واقع وادی میں فائرنگ کے تبادلے کا آغاز شام 5 بجے سے ہوا جو سحری کے وقت 2بجے کے بعد تک جاری رہا۔ان کا کہنا تھا ابتدا میں بھارتی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم بعد ازاں بھاری اسلحے کا استعمال شروع کردیا گیا اور فوجی چیک پوسٹوں سمیت یونین کونسل نوکٹ میں شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا پاکستانی فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق سرحد پار سے آنے والا ایک شیل چنیاں گاﺅں کے ایک گھر پر آگرا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے جو سحری کرنے میں مصروف تھے۔ زخمیوں کی شناخت رفیق، ان کی اہلیہ پروین، بیٹے توفیق اور بھائی نذیر کے نام سے کی گئی جن کا علاج ہسپتال میں جاری ہے۔ایک خاتون گولے کے دھماکے کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے شہید ہوگئی۔دوسری جانب بھارت نے لائن آف کنٹرول پر اضافی چار ہزار اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیاہے جبکہ فیلڈ کمانڈروں کو مکمل اختیارات دے گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دراندازی کے واقعات پر روک لگانے کے لئے بھی وزارت نے نئی حکمت عملی ترتیب دی ہے جس کے تحت فیلڈ کمانڈروں کو اب مکمل اختیارات دئیے گئے ہیں کہ وہ ہائی کمانڈ کو معلومات فراہم کئے بغیر ہی جوابی کارروائی کر سکتے ہیں۔
بھارتی فائرنگ