کسی کو عدلیہ یا جے آئی ٹی پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے،چوہدری محمد اصغر
راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری محمد اصغر نے کہا ہے کہ کسی کو عدلیہ یا جے آئی ٹی پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔ وزراءکرپشن کا تحفظ کرنے کی بجائے عوام کی خدمت کریں۔ چند روز میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ عوام نئے الیکشن کی تیاری کر لیں ، کرپشن سے پاک نیا پاکستان ہی پاکستانیوں کو حقوق دے سکتا ہے۔ جلد ہی ملک سے کرپشن اور کرپٹ نظام کی بساط لپیٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 24 میں افطار ڈنر کے موقع پر پارٹی کارکنان اور معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری محمد اصغر نے کہا کہ حکمرانوں نے نہ صرف گزشتہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا بلکہ اقتدار پر قبضہ کر کے عوام کے حقوق بھی غصب کر لئے۔ قوم کے مسائل پہلے سے زیادہ گھمبیر صورت اختیار کر چکے ہیں جس کی بنیادی وجہ کرپشن ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑنا ہو گا اور یہ کام تحریک انصاف کے سوا کوئی جماعت نہیں کر سکتی۔ اس موقع پر ظہیر اعوان اور راجہ نعمان عارف سمیت دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔