چند افراد کی پسند نا پسند اور شخصیت پر قوم کے فیصلے نہیں کئے جاتے،وسیم احمد
کراچی ( خصوصی رپو رٹر) مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان ) کے جوائنٹ سیکر یٹری وسیم احمد نے کہا کہ 80کی دہائی میں مہاجر حقوق کی باقائدہ بلند ہونیوالی آوازنے نہ صرف مہاجر قوم میں انقلاب برپا کردیا تھا بلکہ دیکھتے ہی دیکھتے مہاجر قومی موومنٹ پوری قوم کی آواز بن کردنیا کے سامنے ابھری تھی جسکا بنیادی مقصد مہاجر قوم کے ساتھ ہونے والا وہ تذہیک آمیز رویہ تھا جس سے نجات حاصل کرنا ناگزیر بنادیا گیا تھا۔وسیم احمد نے کہا کہ نوجوانوںکیلئے زندگی کے تما م شعبے، تعلیم ،صحت ، اور روزگار کے دروازے بند کرنے کا سلسلہ بھی اسی دورسے جاری ہے اور ظلم و ناانصافی کے خاتمے کیلئے جن مہاجر اکابرین ،دانشوروں نے قوم کو شناخت اور پہچان دیلانے کا بیڑہ اپنے سر اٹھایا تھا،جنہیںبعد میں یا تو شہید کرادیا گیا تھا یا بغاوت کا طعنہ دے کر حکم بادشاہی جاری کردیا گیا تھا،جس کا خمیازہ پوری قوم نے بھگتا ۔وسیم احمد نے عارضی بیت الحمزہ پر لائنزایریا سے آ ئے بزرگوں کے وفد سے گفتگوںکرتے ہوئے کہا کہ چند افراد کی پسند نا پسند اور شخصیتوں پر قوم کے فیصلے نہیں کئے جاتے بلکہ اجتماعی مفادات کیلئے انفرادی مفاد قربان کردئیے جاتے ہیںقوم کے وسیع تر مفاد میں صرف ایک نقظہ پر تمام قوم کو متفق ہوناچاہیے جو کہ لفظ ـــــ’’مہاجر ‘‘ ہے۔