برطانیہ میں انتخابات‘ پولنگ مکمل، حکومت بنانے کیلئے 326 سیٹوں کی ضرورت
لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں عام انتخابات کیلئے پولنگ ہوئی۔ 650 حلقوں میں ایک ہزار خواتین سمیت تین ہزار سے زائد امیدوار مدمقابل تھے، 30 پاکستانی نژاد امیدواروں نے بھی الیکشن لڑا۔ کسی بھی پارٹی کو حکومت بنانے کیلئے 326 سیٹوں کی ضرورت ہے، انتخابات میں 4 کروڑ 63 لاکھ 54 ہزار کے قریب ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ برطانوی سیاست میں دائیں بازو کی کنزرویٹو پارٹی اور بائیں بازو کی لیبر پارٹی کومرکزی حیثیت حاصل ہے جبکہ دیگر جماعتوں میں اسکاٹش نیشنل پارٹی، لبرل ڈیموکریٹس، ڈیموکریٹک یونیینسٹ، یوکپ، گرین پارٹی اور ایس ڈی ایل پی شامل ہیں۔ اس بار برطانیہ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایک ہزار کے قریب خواتین امیدوار حصہ لے رہی ہیں ، لیبر پارٹی نے اپنی 41 فیصد سیٹوں کے لئے خواتین کو نامزد کیا ہے ، اسکاٹش نیشنل پارٹی نے 33 فیصد، لبرل ڈیموکریٹس نے 30 فیصد اور حکمران جماعت کنزر ویٹیو پارٹی نے 29 فیصد سیٹوں پر خواتین کو ٹکٹ دیئے ہیں ، ان خواتین امیدواروں میں وزیراعظم تھریسامے بھی شامل ہیں۔
برطانوی الیکشن