مورنے مورکل نے3 پاکستانی بالرز کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا
برمنگھم(آئی این پی) جنوبی افریقن ٹیم کے فاسٹ بالر مورنے مورکل نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز میں ایک ساتھ تین پاکستانی بالرز عمران خان، عاقب جاوید اور سعید اجمل کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا، اسطرح مورکل زیادہ وکٹیں لینے والے دنیا کے 45 ویں بالر بن گئے ہیں۔مورکل نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 3 وکٹیں لیکر یہ کارنامہ انجام دیا۔ عاقب جاوید اور عمران خان نے مشترکہ طور پر 182، 182 جبکہ سعید اجمل نے 184 وکٹیں لے رکھی تھیں جبکہ مورکل نے اب تک 111 میچز میں 185 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز سابق سری لنکن سپنر متھایا مرلی دھرن کو حاصل ہے جنہوں نے 534 وکٹیں لے رکھی ہیں۔