کراچی کے حلقے پی ایس114 کا ضمنی الیکشن 9 جولائی کو ہوگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر ) الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقہ پی ایس114کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ، ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ 9 جولائی کو ہوگی ۔ مذکورہ نشست پر سپریم کورٹ نے عرفان اللہ مروت کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقہ پی ایس 114کے ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیاہے۔ حلقے میں کاغذات نامزدگی آٹھ سے دس جون تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال گیارہ سے چودہ جون تک ہوگی اور امیدواروں کی حتمی فہرست سترہ جون کو جاری کی جائےگی ۔ اس سلسلے میں سائیں بخش کو ریٹرنگ افسر مقرر کیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں ن لیگ کے عرفان اللہ مروت نے ایم کیو ایم کے عبدالرﺅف صدیقی کے خلا ف انتخابی عذرداری کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی تھی جسے سپریم کورٹ نے خارج کر تے ہوئے حکم دیا کہ حلقہ پی ایس 114میں دوبارہ انتخاب کرائے جائیں۔
ضمنی الیکشن