ہاکی ٹیم نے بڑوں کا بدلہ چھوٹوں سے لے لیا
لاہور(آئی این پی) پاکستان ہاکی ٹیم نے بڑوں کا بدلہ چھوٹوں سے لے لیا، آئرلینڈ کی انڈر21 ٹیم کو 2کے مقابلے میں3گول سے شکست دے کر 2میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔آئرلینڈ سے نمائندہ ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں اسسٹنٹ قومی ٹیم منیجر کرنل (ر)محسن کا کہنا ہے کہ دورئہ آئرلینڈ کا بنیادی مقصد حاصل کر لیا ہے،کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹریننگ میں نمایاں بہتری آئی ہے، ورلڈ کپ کوالیفائنگ رانڈ میں پلیئرز سے عمدہ کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کوالیفائنگ رانڈ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں عبدالحسیم خان کی قیادت میں آئرلینڈ میں موجود ہے اور میزبان سائیڈ کے خلاف 3 میچز کی سیریز کھیلنے کے بعد آئرلینڈ21 کے خلاف بھی مقابلوں کا آغاز کر دیا ہے۔پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 2 کے مقابلے میں3 گول سے شکست دی، کھلاڑیوں کا مقابلے کے دوران شدید آندھی اور بارش کے ساتھ بھی میچ رہا، رہی سہی کسرشدید سردی نے پوری کر دی، بلفاسٹ میں ہونے والے 2 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور دسویں منٹ میں ہی ابوبکر کے ذریعے گول کرنے میں کامیاب رہی، صرف پانچ منٹ کے بعد آئرلینڈ نے بھی گیند کو جال کے اندر پھینک کر مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔