بجٹ عوام دوست ہے، معیشت مستحکم ہوگی: خواجہ تنویر اشرف
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ پنجاب کے نائب صدر خواجہ تنویر اشرف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا۔ کسانوں کو بجٹ میں دی گئی تاریخی مراعات سے زرعی شعبہ ترقی کرے گا اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر وفاقی بجٹ قابل تعریف ہے لیکن ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے میں تاجر برادری کو کچھ تحفظات ہیں امید ہے کہ حکومت اس معاملے میں تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر ان کی مشاورت سے بہتر حل نکال لے گی۔انہوں نے کہا کہ ‘تاجر برادری مسلم لیگ کا ہراول دستہ ہے اور ہر مشکل وقت میں میاں برادران کی پوری سپورٹ کی ہے‘ میاں برادران کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی منازل طے کررہا ہے بجلی و گیس بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت نے مثالی اقدامات کئے ہیں جبکہ اپوزیشن رہنما خصوصاً عمران خان انا پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میں نہ مانوں کی رٹ لگا رہے ہیں اور بے جا تنقید کرکے اپنی مردہ سیاست کوزندہ کرنے کی کوشش میں ہیں لیکن خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی کارکردگی نے ان کی قابلیت کا پول کھول دیا اورعوام ان کی حقیقت سے آشنا ہو چکے ہیں اب انہیں عوام کی طرف سے پذیرائی نہیں ملے گی اور عمران خان کاوزیراعظم بننے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔