ملک میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں سست ہونے سے بینکوں میں جمع رقوم میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا
لاہور (کامرس رپورٹر )ملک میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں سست ہونے سے بینکوں میں جمع رقوم میں ریکارڈ اضافہ ہو گیاہے۔ گزشتہ مالی سال بینک ڈپازٹس کا حجم ایک ہزار سات سو اکہتر ارب روپے کے اضافے سے 162 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ہےنجی شعبے نے 86 فیصد کم قرض لیا ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال 2020 کے دوران بینکوں میں مجموعی طور پر 17 کھرب 70 ارب 73 کروڑ روپے جمع کرائے گئے جس کے باعث بینک ڈپازٹس میں جمع شدہ رقم کا مجموعی حجم ملکی تاریخ میں پہلی بار 162 کھرب 29 ارب 3 کروڑ 60 لاکھ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ ماہرین کے مطابق کرونا اور لاک ڈاون کے باعث صنعتیں اور کاروبار بند ہونے کی وجہ سے بھی بینک ڈپازٹس میں جمع شدہ رقم میں اضافہ دیکھا گیا سال کے دوران نجی شعبے کی طرف سے بینکوں سے مجموعی طور پر 105 ارب 55 کروڑ روپے 70 لاکھ قرض لیا گیا جو اس سے پچھلے سال سے 630 ارب روپے کم ہے سال کے دوران بینکوں نے حکومتی پیپرز میں 30 کھرب 57 ارب ارب 7 کروڑ روپے کی نئی سرمایہ کاری کی جس سے بینکوں کی حکومتی پیپرز میں سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 106 کھرب 81 ارب 29 کروڑ روپے کی رکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔