نااہلی کیس: درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل واوڈا کی نااہلی کے لئے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست گزارجہانگیر جدون نے موقف اختیار کیا کہ نااہلی کیس میں عدالت نے انتیس جنوری کو فیصل واوڈا کو دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا پانچ ماہ ہوگئے مگر جواب جمع نہیں کرایاگیا۔
درخواست گزار نے کہا کہ فیصل واوڈا نے تاحال جواب داخل نہ کرا کے عدالتی حکم عدولی کی جس پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالت اس کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرچکی ہے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف توہین عدالت کی کارورائی کے لئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کے خلاف الیکشن کمیشن سے حقائق چھپانے پر نااہلی کی درخواست زیر سماعت ہے۔