لیاقت پور کو ضلع بنانے کا جواز
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزداران دنوں اپنے صوبے کے شہریوں کی سہولت کے لیے نئے اضلاع اور تحصیلیں بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جس کا کام متعلقہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے اپنی سفارشات تیار کر کے صوبائی حکومت کو پیش کرنا ہے تاکہ میرٹ کی روشنی میں منصفانہ بنیاد پر فیصلے کیے جاسکیں ۔ بڑھتی ہوئی آبادی ،انسانی وسائل کی ترقی ،فیصلہ سازی کا اختیارمقامی طور پر منتخب نمائندوں کو تفویض کرنے اور عام شہریوں کو ہیڈ کوارٹرز تک آنے جانے کے لیے در پیش طویل مسافتوں سے بچانے کے لیے صوبائی حکومتیںنئے نئے ڈویژن،اضلاع اور تحصیلیں تشکیل دیتی رہتی ہیں کیونکہ اپنے شہریوں کو آسانیاں فراہم کرنا ہر ریاست اور اکائی کی بنیادی ذمہ داری ہو تی ہے اوراسی حقیقت کے تناظر میںہی پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں نئے اضلاع اور تحصیلیوں کے قیام کے لیے سوچ بچار شروع کر دیا ہے جو ایک مثبت پیش رفت ہے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب ‘صوبے سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے بھی تفصیلی مزاکرات اور مشاور ت کر رہے ہیں تا کہ حتمی فیصلے میں اجتماعی دانش کا اظہار ہو سکے پورا پاکستان جانتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں ایک حقیقی تبدیلی کی خواہشمند ہے جس کے ذریعے لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے علاوہ مساویانہ طور پر ترقی کے مواقع بھی میسر ہوں ۔ تبدیلی کے ذریعے نیا پاکستان بنانے کے عمران خان کے اسی بیانیہ کی روشنی میں پنجاب کے آخری ضلع رحیم یار خان کی سب سے پسماندہ تحصیل لیاقت پور کے رہنے والے پاکستانی بھی اپنے روشن مستقبل کے لیے لیاقت پور کو ضلع بنانے کے شدید آرزو مند ہیں جو ان کے مسائل کے حل اور دکھوں کا ممکنہ طور پر ایک مداوابھی ہو سکتا ہے حسن اتفاق یہ بھی ہے کہ لیاقت پور تحصیل دونوں طرف موجود ہیڈ کوارٹرز یعنی رحیم یار خان اور بہاولپور کے بالکل وسط میں واقع ہے ضلع بننے کی صورت میں لیاقت پور کی تحصیلوں کے لیے موجودہ سب تحصیل خان بیلہ ،ترنڈہ محمد پناہ ،فیروزہ ،پکالاڑاں اور اللہ آباد کے ناموں پرآسانی سے غور کیا جاسکتا ہے جو آبادی اور وسائل کے حوالے سے ہر لحاظ سے میرٹ پر اترتی ہیں اس لیے انتظامی طور پر بھی اس کی تشکیل ایک آسان کام ہے جو ہر لحاظ سے میرٹ پربھی پورا اترتا ہے اور یہ وہی میرٹ ہے جس کاذکر عمران خان کے علاوہ خود وزیر اعلیٰ پنجاب بھی بڑے بلند آہنگ سے ہمہ وقت کرتے رہتے ہیں اس لیے لیاقت پور کے شہریوں کی یہ ایک جائز خواہش اور بنیادی مطالبہ ہے جس کی تکمیل کر کے پاکستان تحریک انصاف لیاقت پور کا وہ احسان آسانی سے اتار سکتی ہے جوضلع رحیم یار خان کی دوردرازواقع اورسب سے پسماندہ اس تحصیل نے پچھلے الیکشن میں پی ٹی آئی کے پورے پینل کو کامیابی دلوا کر پارٹی کے ساتھ کیا تھا ۔