کچی آبادیوں کے مکینوں کو بھی تمام سہولیات فراہم کی جائیں،عارف علوی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کچی آبادیوں میں صحت، تعلیم اور دوسری سہولتوں کی فراہمی پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ غریب آبادیوں کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا۔ ان آبادیوں میں مقیم لوگوں کو بھی اسی طرح کی سہولتیں فراہم کی جانی چاہیں جو کہ شہروں کے باقی لوگوں کو میسر ہیں۔ صدر گذشتہ روز ایوان صدر میں کچی آبادیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے ضمن میں حال ہی میں ہونیوالے ایک اجلاس کے فالو اپ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، صوبائی اسمبلی کے ممبر فردوس شمیم نقوی، چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور دوسرے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کی کچی آبادیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے سلسلے میں اب تک اٹھائے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سب کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے سربراہ سیکرٹری ہائوسنگ ہونگے۔ یہ کمیٹی کچی آبادیوں کیلئے زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایک آرکیٹیکچرل پلان بنائے گی تا کہ ان آبادیوں سے بنیادی سہولتوں کے فقدان کا خاتمہ کیا جا سکے۔