حکومت، اپوزیشن کشمیر ایشو پر متحد ہو جائیں: جسٹس (ر) ارشاد حسن
لاہور (نیوز رپورٹر) سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ریٹائرڈ ارشاد حسن خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور چین بھارت کشیدگی کے حوالے سے اپنے بیان میں حکومت اور اپوزیشن کو کشمیر ایشو کے یک نکاتی ایجنڈا پر سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہونے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے باعث چین نے بھارت سے اپنے مقبوضات واگزار کرا لئے۔ اس پر بھارت بظاہر بھیگی بلی بن گیا مگر مکار بنیا چین کے ہی نہیں پاکستان کے خلاف بھی سازشوں کے جال بن رہا ہو گا۔ اس کو اپنی تاریخ کی بدترین ہزیمت اور سبکی کا سامنا ہے۔ بھارت کے اندر سے اپوزیشن اور اکثر حکومتی حلقوں کی آواز مودی کے خلاف اٹھ رہی ہے۔ وہ اس اہم ایشو سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کے خلاف فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ بلاشبہ ہماری افواج اس کا منہ توڑ جواب دیں گی۔ ایسے موقع پر ایک مثالی قومی یگانگت اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔