پاکستان چین افغانستان کا امریکی انخلا پر زور
چین ، پاکستان اور افغانستان نائب وزرائے خارجہ کے ویڈیو لنک کے ذریعے مذاکرات میں امریکہ کا نام لئے بغیر زور دیا گیا ہے کہ دہشت گردی کی ممکنہ لہر سے بچنے کیلئے افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کا انخلا عمل میں لایا جائے۔
امریکہ طالبان مذاکرات کے نتیجے میں افغان امن معاہدہ طے پایا تھا۔ پہلے تو افغان انتظامیہ نے مذاکرات کی مخالفت کی اور پھر امن معاہدے پر عمل کی راہ کھوٹی کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایک موقع پر طالبان قیدیوں کی رہائی سے یکسر انکار کر دیا جس سے امریکہ نے آنکھیں دکھائیں تو قیدیوں کی رہائی عمل میں آنے لگی تاہم یہ کہہ کر پھر رہائی روک دی کہ خطرناک قیدیوں کو رہا نہیں کریں گے۔ جس سے انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز نہیں ہو سکا۔ امریکہ اور طالبان امن معاہدے پرعمل کے لئے سنجیدہ جبکہ افغان حکومت اپنا اقتدار لرزتا دیکھ کر بدستور رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کے حملوں سے امن عمل کو خطرات لاحق ہیں۔ ایسے خطرات پر افغان امن معاہدے پر کم سے کم وقت میں عمل کر کے ہی قابو پایا جا سکتا ہے جس کی زیادہ ذمہ داری افغان انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔