عید پر کرونا کیلئے کڑے قواعد کی منظوری
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں عید پر کرونا کا پھیلائو روکنے کے لئے سخت قواعد و ضوابط کی منظوری دیتے ہوئے انتظامیہ کو ان پر سختی سے عمل کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
کرونا کا پھیلائو روکنے کے لئے حکومت کی طرف سے پہلے بھی ایس او پیز جاری کی گئی تھیں۔ عیدالفطر پر شہریوں کی بڑی تعداد ان کو خاطر میں نہ لاتی دکھائی دی جس سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ ماہ کے وسط میں مریضوں کی ایک دن میں تعداد سات ہزار تک پہنچ گئی اور ایک دن 170 افراد جاں بحق ہوئے۔ کرونا سے متاثرہ علاقوں کو مکمل طور پر سیل کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو بہتری نوٹ کی گئی۔ گزشتہ روز 69 افراد جاں بحق اور تین ہزار متاثر ہوئے۔ احتیاطی تدابیر پر عمل سے گریز سے صورتحال بدتر ہو سکتی ہے۔ اس کا ہر شہری کو ادراک ہونا چاہئے۔ حکومت نے عید کے لئے جو قواعد بنائے ہیں ان پر سختی سے عمل کرانے کی ضرورت ہے ہمیں اس وقت تک کرونا کے ساتھ چلنا اور احتیاط کادامن تھامے رکھنا ہے جب تک اس موذی مرض کی ویکسین تیار نہیں ہو جاتی۔